کراچی (9 جنوری 2025): آل کراچی محترمہ بینظیر بھٹو شہید فٹبال ٹورنامنٹ 2024/25 کے تحت بنارس سوکر اکیڈمی، آزاد شاہین فٹبال گراؤنڈ پر ینگ عزیز آباد فٹبال کلب اور اورنگی بلوچ فٹبال کلب کے درمیان ایک کانٹے دار میچ کھیلا گیا۔
عمران خان سے ملاقات کے معاملے پر پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اور حکومت میں کشیدگی
پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے، تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ ہاف ٹائم کے دوران، مہمان خصوصی نارتھ برادرز فٹبال کلب کے سیکریٹری جنرل یوسف خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلر اور ٹورنامنٹ سیکریٹری اسلام الدین، نارتھ برادرز فٹبال کلب کے کپتان طاہر شاہ، سنیئر نائب صدر فضل سبحان، سنیئر کھلاڑی خالد ولی روغانی اور امجد پراچہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کروایا۔
دوسرے ہاف میں ینگ عزیز آباد فٹبال کلب نے حملوں کا آغاز کیا اور 50 ویں منٹ میں ایک خوبصورت کورنر پر ہیڈ کے ذریعے گول اسکور کیا، جس کے نتیجے میں ان کی ٹیم کو ایک گول کی سبقت حاصل ہوگئی۔ اورنگی بلوچ فٹبال کلب نے بھرپور دفاع کیا، مگر وہ اس گول کا جواب نہ دے سکے اور میچ 1-0 سے ینگ عزیز آباد فٹبال کلب کے حق میں اختتام پذیر ہوا۔
اس میچ کے ریفری نعیم عرف چاچا، سائیڈ ریفری ریحان خان اور حنیف نے فرائض سرانجام دیے۔ ینگ عزیز آباد فٹبال کلب نے اس فتح کے ساتھ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔