(تشکر نیوز) کراچی: قبرستانوں میں تدفین کے دوران اضافی فیس وصولی کے بڑھتے معاملات پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کا محکمہ قبرستان حرکت میں آ گیا۔ ڈائریکٹر محکمہ قبرستان نے شہر کے مختلف قبرستانوں کا دورہ کیا اور سرکاری ریٹ کے بینرز اپنی نگرانی میں نصب کروائے۔
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کی بڑی کارروائی، 15 ہیڈ محررز فارغ
ڈائریکٹر کے مطابق کراچی کے تمام قبرستانوں میں تدفین کی سرکاری فیس 14,300 روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی شخص بغیر رجسٹریشن قبرستان میں کام نہیں کر سکے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کے ایم سی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی فرد سرکاری فیس سے زائد رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر کے ایم سی کے شکایتی سیل 1339 پر رابطہ کریں۔
ڈائریکٹر محکمہ قبرستان نے کہا کہ شہریوں کو اضافی چارجز سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبرستانوں کی نگرانی میں اضافے کے لیے مزید عملہ تعینات کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کے ایم سی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو انصاف مل سکے اور نظام شفاف بنایا جا سکے۔