تشکر نیوز: تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے ایس ایچ او رضوان قریشی کی سربراہی میں گٹکا ماوا مافیا اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں غیر قانونی سامان اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
کراچی کے قبرستانوں میں تدفین کی زائد فیس وصولی پر کے ایم سی کا سخت ایکشن
پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ارمان ولد محمد امین کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 65 پیکٹ تیار مضر صحت گٹکا ماوا برآمد کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ملزم محمد رفیق ولد محمد یوسف کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 30 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد ہوئے۔ دونوں ملزمان کے خلاف امتناع گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور انہیں مزید کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
رکشہ میں گٹکا ماوا سپلائی کرنے والے ملزم عبداللہ ولد بہرام کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے رکشہ سے 24 کلو چھالیہ اور 60 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم رکشہ ڈرائیور کی آڑ میں علاقے میں گٹکا ماوا سپلائی کرتا تھا۔ اس کے خلاف بھی گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیشی حکام کے سپرد کر دیا گیا۔
اسٹریٹ کرائم کے خلاف کامیاب کارروائی میں پولیس نے انتہائی مطلوب ملزم محمد یاسین ولد امیر حسین کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور مسروقہ موبائل فون برآمد ہوئے۔ ملزم کراچی میں مطلوب اسٹریٹ کرمنلز کی لسٹ میں سرِفہرست تھا۔ اس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن رضوان قریشی نے عزم کا اظہار کیا کہ گٹکا ماوا مافیا اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی تاکہ علاقے کے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔