کراچی: ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم کی زیر صدارت سنگم گراؤنڈ کی ڈیولپمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن چیئرمین، اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ، ڈی ایس پیز، کے ایم سی اسپورٹس اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ، پارکس ڈپارٹمنٹ، یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین، ٹاؤن انتظامیہ، اور اہل محلہ کے معززین نے شرکت کی۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماو نواز باغیوں کا حملہ، 10 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک
طحہ سلیم نے اجلاس میں کہا کہ سنگم گراؤنڈ کو کمرشل استعمال کے لیے نہیں دیا جائے گا، کیونکہ اس گراؤنڈ پر وہاں کے رہائشیوں کا حق ہے۔ انہوں نے کے ایم سی کی جانب سے انٹرنیشنل معیار کی سہولیات کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیا اور یقین دلایا کہ ٹاؤن چیئرمین اور کے ایم سی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سنگم گراؤنڈ کی ڈیولپمنٹ میں اہل محلہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹاؤن چیئرمین اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ علاقے کے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں۔
طحہ سلیم نے اجلاس کے دوران گلبرگ میں ایس ایس پی آفس سے متصل فٹ پاتھوں کو فوری طور پر مسمار کرنے اور پارکنگ کی سہولت کو بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک جام کے مسائل کو حل کرنا اور عوام کی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر انتظامی افسران بھی شریک تھے۔