پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا، جہانگیر ترین

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

استحکام پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا۔

تفصیلات کے مطابق استحکام پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو یکطرفہ اور عجلت میں ہونے والے فیصلوں پر سخت تشویش ہے، ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے دوبارہ کسی طور رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے۔

جہانگیر خان ترین نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا، عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو مجروح کرنے والوں سے نرمی کیوں برتی جائے ؟

 ان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ بظاہر حدود سے تجاوز اور عوامی امنگوں کے برعکس ہے، ماضی میں لاہور ہائی کورٹ پر اعتراض کرنے والے اب من پسند فیصلوں پر کیوں خاموش ہیں ؟

استحکام پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان دینا یا واپس لینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے ، انتخابی نشان کی بیساکھیوں سے لولی لنگڑی پارٹی کو دوبارہ کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل، تحریکِ انصاف کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔

پشاورہائی کورٹ میں جسٹس کامران حیات میاں خیل نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی جبکہ گوہرعلی خان، بیرسٹرعلی ظفر، بابراعوان  اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا آرڈرمعطل کیا جاتا ہے۔ الیکشن 8 فروری کو اورنشانات13 جنوری کو ہونے جا رہے ہیں۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کیا جارہا ہے۔

انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان واپسی کے خلاف کیس میں پی ٹی آئی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کیا گیا ہے، ووٹ کے خواہشمند اپنی پسند کی پارٹی کو ووٹ دینے سے محروم کیا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو معطل کیا جاتا ہے اور الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس بھی جاری کیا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفیکیٹ ویب سائٹ پر پبلش کیا جائے،پی ٹی آئی کا بلے کا نشان بھی بحال کیا جائے۔

 

 

جاری کردہ فیصلے کے مطابق آئندہ سماعت 9 جنوری 2024 کو ہوگی، الیکشن کمیشن فیصلے معطلی کا حکم 9 جنوری 2024 تک نافذ العمل رہے گا۔8 فروری کو عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، 13 جنوری 2024 کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!