...

پلاٹ کا قبضہ ٹائٹل کے ساتھ اور تمام تر مسائل حل کرنے کے ساتھ تعمیراتی لاگت بھی متاثرہ افراد کو ادا کی جائے گی،جسٹس مقبول باقر

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے نالہ متاثرین کیلئے ایم ڈی اے کو ہاؤسنگ سکیم پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی
پلاٹ کا قبضہ ٹائٹل کے ساتھ اور تمام تر مسائل حل کرنے کے ساتھ تعمیراتی لاگت بھی متاثرہ افراد کو ادا کی جائے گی،جسٹس مقبول باقر

کراچی (تشکُّر نیور اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے گجر، محمود آباد اور اورنگی نالوں کے متاثرین کیلئے تیسر ٹاؤن میں ٹاؤن شپ کی تعمیر کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ اندرونی ڈولپمینٹ کا کام شروع کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے بروز جمعرات کو وزیراعلی ہاؤس میں دوران اجلاس دیں۔
اجلاس میں وزیر بلدیات مبین جمانی، وزیر قانون عمر سومرو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، سیکریٹری بلدیات منظور شیخ، سیکریٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکریٹری قانون علی احمد بلوچ، کمشنر کراچی سلیم راجپوت، ڈی جی ایم ڈی اے نسیم سہتو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات منظور شیخ بتایاکہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تیسر ٹائون سکیم-45، سیکٹر 16 میں گجر، محمود آباد اور اورنگی نالوں کے 6500متاثرہ افراد کیلئے 137.74ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔

 

 

سندھ حکومت ہر متاثرہ فرد/خاندان کو 80مربع گز کا پلاٹ الاٹ کرے گی اور پلاٹ کا قبضہ ٹائٹل کے ساتھ اور تمام تر مسائل حل کرنے کے ساتھ تعمیراتی لاگت بھی متاثرہ افراد کو ادا کی جائے گی۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ ایک آرکیٹیکٹ کو مقرر کریں تاکہ نالے سے متاثرہ افراد کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کی مناسب ترقی ہو سکے۔ انہوں نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ ہاسنگ اسکیم کے لیے ایک پارک، ایک کھیل کا میدان، ایک اسکول اور ایک مسجد تیار کی جائے اور اسے گیس، پانی اور بجلی جیسی تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔
جسٹس (ر)مقبول باقر نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ ہائوسنگ اسکیم کی اندرونی اور بیرونی ترقی شروع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر علاقے کا دورہ کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا معیاری کام ہو رہا ہے۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام شروع کرکے 6ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے متاثرہ افراد کو جگہ دینے میں پہلے ہی بہت دیر کر دی ہے اور اب اسے جنگی بنیادوں پر کیا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.