کراچی: (تشکر نیوز) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پیز ضلع ساؤتھ، سٹی، اے آئی جیز آپریشنز، ایڈمن نے بالمشافہ شرکت کی جبکہ زونل و ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ آئی جی سندھ نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی ڈپلائمنٹ اور ان کی نگرانی ذاتی طور پر کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ڈپلائمنٹ اور سیکیورٹی سے متعلق دیگر مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر کچے کے چند علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی اور قطرے پلانے سے انکاری خاندانوں کو قائل کرنے کے لیے پولیس اپنی ذمہ داری نبھائے۔
اجلاس میں تمام ضلعی ایس ایس پیز کو متعلقہ افسران اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیڈول اجلاس ترتیب دینے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ، ضرورت پڑنے پر اضافی نفری کے لیے ہیڈکوارٹر سے مدد حاصل کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کی پولیو مہم کے دوران فیلڈ میں موجودگی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ نفری کی موجودگی، تعیناتی اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔