باجوڑ: ضلع باجوڑ میں امن کی بحالی کے ثمرات کھیلوں کے میدان میں نظر آنے لگے۔ پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ، اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ خیبرپختونخوا امن فٹبال ٹورنامنٹ رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔
بنوں اور خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین شہید، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
پانچ روزہ ٹورنامنٹ میں مختلف اضلاع کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ میں ضلع باجوڑ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی ککس پر چترال کی ٹیم کو شکست دی اور ٹرافی اپنے نام کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض تھے، جنہوں نے شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
تقریب کے دوران فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے قومی دھنیں پیش کیں جبکہ علاقائی فنکاروں نے روایتی موسیقی اور رقص کے ذریعے ماحول کو خوشگوار بنایا۔ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا۔
علاقہ مکینوں، کھلاڑیوں، طلباء، اور مشران نے امن ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں امن و سکون کا سہرا عوام اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون کو جاتا ہے۔ ایسے کھیلوں کے مقابلے امن کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے بہترین اقدام ہیں۔