تشکر نیوز: ایڈیشنل آئی جی کراچی، جاوید عالم اوڈھو نے ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، وائس پریذیڈنٹ ثاقب فیاض، کنوینئر لاء اینڈ آرڈر اکرام راجپوت، خالد تواب، زبیر طفیل اور دیگر ممبران نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ان کی ٹیم کو خوش آمدید کہا۔
سی ٹی ڈی کا ایکشن، شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث پولیس اہلکار معطل
پولیس چیف نے تاجر برادری سے ان کے مسائل اور مشکلات کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور اس بات کا عہد کیا کہ پولیس ان مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
پولیس چیف نے ایف پی سی سی آئی کے عہدے داران اور ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری کی محنت اور امن و امان کے حالات ملکی معیشت اور اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس جرائم کے خلاف ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جدید آلات اور تلاش ایپ کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس میں تعلیم یافتہ افسران و جوانوں کی بھرتی کی گئی ہے جس سے پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئی گی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، خاص طور پر اسٹریٹ کرائم میں 24 فیصد کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
کراچی کے 16 سے زیادہ تھانوں میں سی سی ٹی وی سے منسلک کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جس سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد ملی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ بھی تیزی سے مکمل ہو رہا ہے، جبکہ ٹریفک کنٹرول اور ایکسیڈنٹس کے حوالے سے بھی واضح حکمت عملی بنائی گئی ہے اور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے گا۔
پولیس نے شہر کے امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔ اس موقع پر پولیس اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے فوکل پرسن کو نامزد کیا گیا تاکہ کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔
کراچی پولیس چیف کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور دونوں جانب سے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ کراچی پولیس چیف نے شکریہ ادا کیا اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔