تشکر نیوز: شکارپور کے کچہ ایریا میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی نے ڈاکوؤں کے خلاف کمر توڑ دی ہے۔ ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کے مطابق، کوٹ شاہو کے کچہ ایریا میں جاری ٹارگٹیڈ آپریشن کے دوران بڈانی جتوئی گینگ کے دو بدنام ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ آپریشن میں اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کے اہم سرغنہ، باغ علی بڈانی اور مصری بڈانی جتوئی کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔
کراچی پولیس چیف کا FPCCI ہیڈ آفس کا دورہ، تاجر برادری کے مسائل پر بات چیت
ایس ایس پی شکارپور نے مزید کہا کہ آپریشن کا مقصد بڈانی جتوئی گینگ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنا ہے، جو اغوا برائے تاوان اور سہولت کاری میں ملوث ہیں۔ آپریشن میں زخمی ہونے والے ڈاکوؤں میں نوٹیفائیڈ ڈکیت علی مراد بڈانی جتوئی سمیت غلام مصطفیٰ بڈانی، عبدالجبار جتوئی، راحب جتوئی، اور علی مردان جتوئی شامل ہیں۔
پچھلے دو ماہ سے جاری اس آپریشن میں مجموعی طور پر 20 ڈاکو ہلاک اور 70 زخمی ہو چکے ہیں۔ ایس ایس پی شکارپور نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن کچہ ایریا میں جاری رہے گا اور ڈاکوؤں کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شکارپور کے کچہ ایریا کو مکمل طور پر ڈاکوؤں سے پاک کیا جائے گا اور یہاں پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ علاقے میں امن قائم ہو سکے۔ ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ ہم شکارپور کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں، اور جرائم پیشہ افراد ہمارے نشانے پر ہیں