ایس بی سی اے کے افسران و ملازمین کو ادارے کے اخراجات پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل عبد الرشید سولنگی کی خصوصی کاوشوں سے ادارے کے افسران و ملازمین کو ایک بار پھر ادارے کے اخراجات پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جو گزشتہ دو سال سے معطل تھا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پمز اسپتال کا دورہ، زخمی اہلکاروں کی عیادت

ایس بی سی اے کے کانفرنس ہال میں ڈائریکٹر جنرل عبد الرشید سولنگی کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے فریضہ حج کے لیے منتخب ہونے والے خوش نصیب افراد کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ اس سال 17 افراد کو ایس بی سی اے کی جانب سے تمام تر اخراجات کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ ان میں 7 افسران اور 10 دیگر ملازمین شامل ہیں۔

تقریب میں اپنے خطاب میں عبد الرشید سولنگی نے کہا کہ سعادت حج کے لیے منتخب ہونے والے افراد خوش نصیب ہیں اور یہ ان کے لیے بڑی خوشی کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس اہم کام کا ذریعہ بننے کی توفیق دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 سال کے وقفے کے بعد یہ سہولت دوبارہ شروع کی گئی ہے اور وہ اس کرم نوازی پر اللہ کا بے حد شکر گزار ہیں۔

قرعہ اندازی کے تحت منتخب ہونے والوں میں آفیسرز کٹیگری میں اسٹینو نذیر احمد اجن، اسٹنٹ ڈائریکٹرز شاھد شمس، زبیر احمد اور آغا کاشف علی، سینئر کمپیوٹر آپریٹر فرمان علی، سینئر بلڈنگ انسپکٹرز نوید احمد اور عبد السمیع لاکھانی شامل ہیں۔ اسٹاف کٹیگری میں بلڈنگ انسپکٹرز ارسلان الحق، ارشد علی بھٹو اور فرحان ایوب، جونیئر اسٹینو سید دانیال علی نقوی، سینئر ایڈیٹر عمیر احمد سومرو، ایل ڈی سی سرفراز اختر، ڈرائیور محمد شکیل، جونیئر کلرک نواز علی، سیکورٹی گارڈ مظہر احمد اور ڈیمالیشن قلی محمد سومار بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل عبد الرشید سولنگی نے منتخب افراد کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے سفر حج اور مناسک فریضہ حج میں آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے عازمین حج سے دوران حج ملکی استحکام، سلامتی اور ادارے کی ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

 

 

تقریب میں ایس بی سی اے کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے ادارے کے اخراجات پر فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے پر ڈی جی عبد الرشید سولنگی کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

59 / 100

One thought on “ایس بی سی اے کے افسران و ملازمین کو ادارے کے اخراجات پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!