اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق مہنگائی میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے آلو، پیاز، ٹماٹر اور گھی سمیت سترہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چکن، چائے اور چینی سمیت گیارہ اشیاء کے نرخوں میں کمی آئی۔
سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں تین الگ الگ کارروائیاں، چار دہشت گرد ہلاک
رپورٹ کے مطابق، ہفتہ وار مہنگائی صفر اعشاریہ سڑسٹھ فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ بنیاد پر چار اعشاریہ نو دو فیصد تک پہنچ گئی۔ اس دوران ٹماٹر، آلو، لہسن، انڈے، گھی، پیاز، کپڑے اور جوتے مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں تینتیس روپے فی کلو اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی اوسط قیمت ایک سو نوے روپے فی کلو ہو گئی۔ آلو کی قیمت میں چار روپے تیرہ پیسے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کی قیمت ایک سو بارہ روپے فی کلو ہو گئی۔ لہسن کی قیمت میں بائیس روپے فی کلو اضافہ ہوا، جبکہ انڈوں کی قیمت فی درجن گیارہ روپے بڑھ کر تین سو چون روپے فی درجن ریکارڈ کی گئی۔ گھی کی قیمت میں بارہ روپے چوالیس پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔
دوسری جانب، چکن، دال چنا، دال مسور، چائے اور چینی سمیت گیارہ اشیاء سستی ہوئیں، جبکہ گندم کا آٹا، دال ماش اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔ زندہ مرغی کی قیمت میں گیارہ روپے چھتیس پیسے فی کلو کمی ہوئی، اور ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں ستائیس روپے کی کمی آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سالانہ بنیاد پر دال چنا اکہتر فیصد اور دال مونگ اڑتیس فیصد مہنگی ہوئیں۔ خشک دودھ کی قیمت میں چھببیس فیصد اور بڑا گوشت چوبیس فیصد مہنگا ہوا۔
شماریات کے مطابق، اس دوران تئیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔