بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ کارروائیوں کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پشاور میں دہشت گرد نیٹ ورک کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ
آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہان کے طور پر ہوئی۔ دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گرد تھے۔
اسی دوران، ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے اور وہ متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انتہائی مطلوب تھے۔
پاک فوج نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے، صوبے میں ترقی اور امن کے دشمنوں کو شکست دی جائے گی۔ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔