بنوں؛ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک، 12جوان شہید

راولپنڈی: بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش  کرنےو الے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے جب کہ 12 جوان شہید ہو گئے۔

پی ٹی آئی کی حکومت میں توشہ خانہ کی تفصیلات چھپائی جاتی تھیں، جج اسلام آباد ہائیکورٹ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 نومبر  کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران  فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

 

سکیورٹی فورسز کی مؤثر مزاحمت کے باعث خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے، جس پر انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا۔

خودکش دھماکے میں 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے، جن میں  10 سکیورٹی فورسز کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔  پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔  ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قوم مادر وطن پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت  پیش کیا۔

 

آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ  کیا اور دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان  کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

 

وطن کیلیے جان نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں، وزیرداخلہ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی  شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 12  جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔  وطن کے امن کی خاطر  جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان  قوم کے ہیرو ہیں۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔

 

وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے جوان

 

 

 

  • بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 44 سالہ صوبیدار عمران احمد فاروقی کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے ہے۔ انہوں نے 25 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ صوبیدار عمران احمد فاروقی نے سوگواران میں اہلیہ، بیٹا اور بیٹی چھوڑے ہیں۔
  • 29 سالہ حوالدار محمد جاوید اقبال شہید کا تعلق ضلع سرگودھا سے ہے۔ انہوں نے 14 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ ، 4 بیٹے اور ایک بیٹی شامل چھوڑے ہیں۔
  • 34 سالہ نائیک طہماس احمد شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔ انہوں نے 15 سال پاک فوج میں گزارے۔  نائیک طہماس احمد  شہید کے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
  • 39 سالہ نائیک باسط فرید شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے۔ انہوں نے 17 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک باسط فرید شہید کے سوگواران میں والد، اہلیہ اور بیٹا شامل ہیں۔
  • 33 سالہ سپاہی صفدر علی شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے۔ سپاہی صفدر علی شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
  • 32 سالہ سپاہی اسد بشیرشہید کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے۔ سپاہی اسد بشیر شہید نے 13 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔  ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
  • 38 سالہ سپاہی اعجاز حسین شہید  کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ سپاہی اعجاز حسین شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
  • 23 سالہ سپاہی عاطف خان شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔ انہوں نے ایک سال پاک فوج میں گزارا۔ سپاہی عاطف خان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
  • 30 سالہ سپاہی امان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔انہوں نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔ سپاہی امان اللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
  • 22 سالہ سپاہی شاہ زمان شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے۔ انہوں نے پاک فوج میں ایک سال گزارا۔ سپاہی شاہ زمان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
56 / 100

One thought on “بنوں؛ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک، 12جوان شہید

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!