Site icon Tashakur News

بنوں؛ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک، 12جوان شہید

راولپنڈی: بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش  کرنےو الے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے جب کہ 12 جوان شہید ہو گئے۔

پی ٹی آئی کی حکومت میں توشہ خانہ کی تفصیلات چھپائی جاتی تھیں، جج اسلام آباد ہائیکورٹ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 نومبر  کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران  فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

 

سکیورٹی فورسز کی مؤثر مزاحمت کے باعث خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے، جس پر انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا۔

خودکش دھماکے میں 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے، جن میں  10 سکیورٹی فورسز کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔  پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔  ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قوم مادر وطن پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت  پیش کیا۔

 

آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ  کیا اور دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان  کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

 

وطن کیلیے جان نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں، وزیرداخلہ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی  شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 12  جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔  وطن کے امن کی خاطر  جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان  قوم کے ہیرو ہیں۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔

 

وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے جوان

 

Exit mobile version