کراچی: ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاک کالونی کے علاقے سے
لیاری گینگ وار سلیم چاکلیٹی گروپ کے انتہائی مطلوب ملزم آصف عرف آصف دبئی کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق آصف عرف آصف دبئی 2011 میں لیاری گینگسٹر امجد عرف چپو کے کہنے پر سلیم چاکلیٹی گروپ میں شامل ہوا تھا۔ وہ اپنے ساتھیوں راشد عرف کانا، سلیم چاکلیٹی، بلال، برکت عرف بھرا، امجد عرف چپو، زاہد بی ایل اے انور عرف ہڈی، اور مخدوم عرف ڈاون کے ساتھ کراچی کے مختلف علاقوں، بشمول لیاقت آباد، حاجی مرید گوٹھ، اور پرانا گولیمار، میں قتل، اقدام قتل، منشیات فروشی، بھتہ خوری، اور گاڑیاں چھیننے جیسے سنگین جرائم میں ملوث رہا۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم 2014 کے کراچی آپریشن کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے دبئی اور پھر ایران فرار ہوگیا تھا۔ حال ہی میں واپس آکر ملزم دوبارہ منشیات فروشی اور لیاری گینگ وار کا نیٹ ورک بحال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ آصف دبئی 2014 میں گاڑیاں چوری کرنے کے الزام میں گرفتار ہوا تھا، مگر ضمانت پر رہا ہونے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے پر مفرور ہو گیا۔ اس کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسلحہ اور ایمونیشن سمیت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101، یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
— ترجمان سندھ رینجرز