پیپلزپارٹی کی جابر حکومت سندھ پر مسلط رہی، پورے کراچی کو مچھر کالونی بنا دیا: مصطفیٰ کمال
کراچی: (تشکُّر نیوز اسٹاف رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سارے کراچی کو مچھر کالونی بنا دیا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گیس نارتھ کراچی، اورنگی اور کورنگی میں بھی نہیں ہے، مچھر کالونی کے نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں ہے، گزشتہ 15 سالوں سے کراچی کے نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا خیال ہے کہ ایم کیو ایم کیماڑی کے عوام کیلئے نہیں آسکے گی، پیپلز پارٹی کی جابر حکومت گزشتہ 15سال سندھ پر مسلط رہی، ان کے بڑوں نے کوٹہ سسٹم بنایا، ہمیں کوٹے پر بھی کوٹہ نہیں دیا جاتا۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ اس مچھر کالونی میں ہمارے تین ساتھیوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا، یہاں کچھ لوگ پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے نیچے ہرناجائز کام کرنا چاہتے ہیں، پولیس غلط بیانی کرتی ہے کہ آپس کا جھگڑا تھا، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، مچھر کالونی والوں کو سوچنا پڑے گا کہ کیا قاتلوں کو ووٹ دیں گے؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیاست نہیں ہے، ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے، ہم قانون اور آئین ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، ہم ان کو اصل سزا 8 فروری کو دیں گے، اس علاقے کو آزاد کرائیں گے، آج اس شہر کا ہر زبان بولنے والا ایم کیو ایم کے جھنڈے کے نیچے آگیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے انگریز سرکار کی غلامی قبول نہیں کی، ہم ان کالے انگریزوں کی بھی غلامی قبول نہیں کریں گے، ہم اس پاکستان کو کالے انگریزوں کی غلامی سے بچائیں گے۔