تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن میں سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جہاں برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سیکٹر 5C باڑہ مارکیٹ روڈ کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس کام کا معائنہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا کومبنگ آپریشن: عمر کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی
اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 03 کے چیئرمین علی ارشد، یونین کمیٹی نمبر 12 کے چیئرمین عظیم انور، دیگر وائس چیئرمینز، اراکین یونین کمیٹی، انچارج محکمہ بی اینڈ آر فیصل صغیر، اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین محمد یوسف نے افسران کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر میں بہترین میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ مضبوط اور پائیدار سڑکیں تعمیر کی جا سکیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کو مرحلہ وار حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور سیوریج کا پانی جمع رہتا تھا، جس سے علاقہ مکین ذہنی اذیت کا شکار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں سیوریج لائنوں کی صفائی کے لیے ورنگ چنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا، اور اب الحمد اللہ سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس موقع پر موجود عوام نے چیئرمین محمد یوسف کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کیا ہے، جو عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کے درمیان موجود ہیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ بلدیاتی مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور وہ اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شاہراہوں پر موجود گرین بیلٹس پر شجر کاری مہم جاری ہے، جس کے لیے محکمہ باغات مصروف عمل ہے۔
بعد ازاں، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیمجیب النساء گرلز اسکول سیکٹر 11-F میں شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل، اساتذہ، اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین نے کہا کہ درخت انسان دوست ماحول فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور یہ شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حصے کا کم از کم ایک پودا لگائیں، جو نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ ان کے پیاروں کے نام کا پودا لگا کر ثواب کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم نیو کراچی ٹاؤن کے عوام کو بہتر معاشرتی اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہیں۔