تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے دشمن ممالک کی جانب سے کی جاتی ہے۔ یہ وہ بات ہے جس کا ہم کافی عرصے سے تذکرہ کرتے چلے آ رہے ہیں، اور حالیہ آرٹیکلز نے ہماری بات کو سچ ثابت کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا میں جو باتیں سامنے آئیں ہیں وہ سنگین نوعیت کی ہیں اور اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عمران خان کو بیرونی عناصر کی پشت پناہی حاصل ہے۔
کراچی: نارتھ کراچی میں برف فیکٹری سے زہریلی گیس کے اخراج کا واقعہ، ریسکیو ٹیموں کی فوری کارروائی
یہ باتیں انہوں نے کراچی میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت منعقدہ پیپلز یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر کی۔ سعید غنی نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن نے جدید آئی ٹی لیبارٹری قائم کی ہے، جو طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کی تعلیم میں مہارت دینے کے لیے ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے دیگر ٹاؤنز کو بھی اسی طرح کے اقدامات کرنے کی تاکید کی تاکہ کراچی کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ اگر کراچی کے 25 ٹاؤنز اس طرح کے پروگرامز شروع کریں تو ہزاروں نوجوان سالانہ آئی ٹی کی تربیت حاصل کر سکتے ہیں، جس سے انہیں سرکاری ملازمتوں کے لیے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ سعید غنی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی جیسی جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ کسی نہ کسی سے سہولت کاری ملتی ہے، اور حالیہ رپورٹیں اس بات کو واضح کرتی ہیں کہ عمران خان کو بین الاقوامی سطح پر مدد فراہم کی جا رہی ہے، جو پاکستان کے لیے خطرناک ہے۔