تسکر نیوز: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے دوران فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کے لئے شہداء افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فورم نے خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز، اور ان کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی۔ ملک دشمن عناصر، منفی اور تخریبی قوتوں، اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشت گردی کے لیے اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
کانفرنس میں فوج کے منظم احتسابی نظام کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں، اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
کانفرنس میں بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک آزادی کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا، اور اسرائیل کی فلسطینیوں پر جاری بربریت کی مذمت کی گئی۔ فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔