تشکر نیوز: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج سندھ پولیس کے جوانوں کے لیے ایک جامع ہیلتھ انشورنس اسکیم "بہبود جواں” کا افتتاح کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس انشورنس اسکیم کی کل لاگت تقریباً 4.96 ارب روپے ہوگی اور اس سے 127,482 ملازمین مستفید ہوں گے۔
حکومت نے ویب مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کی تصدیق کردی، 2369 یو آر ایل اور 183 موبائل ایپلیکیشنز بلاک
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید وضاحت کی کہ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کے لیے ہسپتال میں داخلے کی بنیادی حد 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ روم لمٹ 10 ہزار روپے جبکہ میجر میڈیکل ایکسٹینشن پول ایک ارب روپے تک ہوگا۔ اسکیم میں حادثات کی صورت میں فنڈز کی حد میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور خصوصی علاج، جیسے ڈے کیئر سرجری، ڈائیلاسز، ایم آر آئی، سی ٹی سکین، تھیلیم، انجیوگرافی، اور موتیا بند کا علاج شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس اسکیم میں زیر کفالت افراد، جن میں میاں بیوی، بیٹے/بیٹیاں، اور والدین شامل ہیں، بھی شامل کردیے گئے ہیں۔ ہر پولیس ملازم کو ایک ہیلتھ انشورنس کارڈ فراہم کیا جائے گا اور پورے گروپ کے لیے ایک ارب روپے کا میڈیکل پول مختص کیا گیا ہے۔
اسکیم کے تحت، ہسپتال میں داخلے کے دوران ہر قسم کے علاج، ادویات، اور ایمرجنسی روم ٹریٹمنٹ کی کوریج فراہم کی جائے گی۔ اے آئی ایل سی ایم ایچ، پی این ایس، اور رینجر کے ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک علاج کی منصوبابندی بھی اس اسکیم کا حصہ ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ غیر استعمال شدہ رقم کو قابل اطلاق ٹیکس کی کٹوتی کے بعد واپس کر دیا جائے گا، اور ایڈمن چارجز صرف استعمال شدہ رقم پر لاگو ہوں گے۔