تشکر نیوز: ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہا ہے کہ کاروباری کمیونٹی کو درپیش مسائل جیسے سائبر فراڈ، مالیاتی فراڈ، اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جانی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو ملک میں بزنس کمیونٹی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
نیب اب ارکان اسمبلی کیخلاف براہ راست کارروائی نہیں کرے گا، سندھ اسمبلی نے فوکل پرسن مقرر کردیا
ڈی جی ایف آئی اے کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ اور ڈائریکٹر کراچی زون بھی موجود تھے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایف آئی اے نے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ کاروباری کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کاروباری کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ایف آئی اے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرے گا اور بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دورے کے دوران انٹیلکچول پراپرٹی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف ورکنگ گروپ کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کی گئی، تاکہ کاروباری کمیونٹی کے حقوق کا مزید تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ کاروبار کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ایف آئی اے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔