اسلام آباد، 29 اگست 2024: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے اپنے پہلے سفر کے دوران عمان کی سلالہ بندرگاہ کا دورہ کیا، جہاں عمان کی رائل نیوی کے افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران دونوں بحری افواج نے ایک دوسرے کے ساتھ پیشہ ورانہ معلومات اور تجربات کا تبادلہ کیا اور مختلف دو طرفہ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
گلشنِ اقبال میں موٹرسائیکل چوری میں ملوث ملزم گرفتار، سرقہ شدہ موٹرسائیکل برآمد
دورہ مکمل ہونے کے بعد، پی این ایس حنین نے عمانی بحری جہاز SADH کے ساتھ ایک دو طرفہ مشق کا انعقاد کیا۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
پاکستان اور عمان کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات ہیں، جن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں، جنگی جہازوں کے دورے، مشترکہ مشقیں اور میری ٹائم پیٹرولنگ شامل ہیں۔ پی این ایس حنین کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
پی این ایس حنین رومانیہ میں تعمیر کیے جانے والے پاک بحریہ کے چار یرموک کلاس جہازوں میں سے تیسرا جہاز ہے۔ اس جہاز کی باقاعدہ شمولیت کی تقریب 6 ستمبر کو نیول ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوگی، جس میں صدر پاکستان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔