تشکر نیوز: پاکستان کی مٹی کی سرخی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہوئی ہے۔ پاک فوج کے جوان ہر لمحہ ملک کی حفاظت اور بقاء کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ جب بھی امن دشمنوں نے سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا، پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
یوم شہدائے پولیس: وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا
ان شہداء میں ایک نام انتہائی نڈر اور بہادر سپاہی حوالدار ظل حسنین کا بھی ہے، جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ حوالدار ظل حسنین 16 جولائی 2024 کو بنوں کنٹونمنٹ میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کے اس عظیم قربانی کے نتیجے میں سوگواران میں والدین، بیوہ اور بچے رہ گئے ہیں۔
حوالدار ظل حسنین کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میرا بیٹا بہت بہادر اور دلیر تھا، اس کا اخلاق بہت اچھا تھا، اور میں اپنے بیٹے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔ میرے بیٹے کا پاک فوج میں بھرتی ہونے کا مقصد ہی یہی تھا کہ وہ شہادت کا رتبہ حاصل کر سکے۔ مرنا تو سب نے ہی ہے لیکن بہترین موت شہادت کی موت ہے جو میرے بیٹے کو نصیب ہوئی۔ اللہ پاک فوج کے جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔”
حوالدار ظل حسنین کے بھائی نے کہا، "ہمیں فخر ہے کہ میرے بھائی نے اپنی جان وطن پر قربان کی۔ یہ صدمہ ہمارے لیے بہت بڑا ہے لیکن اللہ نے ہمیں صبر عطا کیا ہے۔ بھائی کی شہادت کی وجہ سے ہماری عزت مزید بڑھ گئی ہے اور یہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔”
حوالدار ظل حسنین کی عظیم قربانی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پاک فوج کے جوان نہ صرف وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ اپنی جانوں کی قربانی دے کر قوم کی عزت اور وقار کو بھی برقرار رکھتے ہیں۔ ان کی شہادت قوم کے لیے ایک فخر اور مثال ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔