تشکر نیوز: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے جنوبی اور شمال مشرقی پنجاب، اور شمال مشرقی سندھ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تشکر نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے اضلاع پوٹھوہار، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور ان کے گرد و نواح میں کہیں کہیں بارش کی توقع ہے جبکہ بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور ان کے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
ترکیہ کی بحریہ کے وفد کا کراچی کا دورہ،پیشہ وارانہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
سندھ کے اضلاع کراچی، حیدر آباد، مٹھی، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، جامشورو، عمرکوٹ، تھرپارکر، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، چھور، پڈعیدن، سجاول، ٹنڈو الہ یار، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب اور شدید موسم کے اثرات کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ متاثرہ علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات کے پیش نظر، لوگوں کو سیلاب سے بچنے اور محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی تجویز دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پانی کے اخراج کو روکنے کے لیے چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے بند کریں، گٹر اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی کریں، اور باہر رکھی گئی چیزوں کو محفوظ کریں جو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے متاثر ہو سکتی ہیں۔
مزید برآں، کھلے مین ہولز اور زیر آب مقامات سے آگاہ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور بارش کے دوران برقی آلات کے پلگ ساکٹ سے نکالنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ نامی ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے جو گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے، تاکہ عوام کو بروقت الرٹس اور مشورے فراہم کیے جا سکیں۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی مزید پیش گوئی کی ہے۔