تشکر نیوز: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ پولیس کے رواں سال شہید اور زخمی اہلکاروں کے کیسز کی تفتیش میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہوا، جس میں کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جیز، سی ٹی ڈی، انویسٹیگیشن اینڈ کرائم برانچ، ہیڈ کوارٹرز، ایسٹ، ویسٹ، اور ساؤتھ زونز کے افسران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، لاڑکانہ، حیدرآباد، ایس بی اے، اور میرپورخاص کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایم اے جناح روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائنوں کی وجہ سے پانی جمع، ٹریفک متاثر
زونل ڈی آئی جیز کراچی اور دیگر پولیس رینج کے ڈی آئی جیز نے متعلقہ اضلاع میں شہید اور زخمی پولیس افسران و اہلکاروں کے کیسز کی تفتیش میں حاصل ہونے والی پیشرفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ تفتیش کے دوران مختلف عوامل سامنے آئے ہیں جن کی تفصیل فراہم کی گئی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ضلع گھوٹکی میں حالیہ پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے کیسز کی تفتیش کی ذمہ داری محکمہ انسداد دہشت گردی کو سونپنے کی ہدایت کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے اور انٹیلیجنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، پولیس شہداء کے کیسز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو انعامات دیے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی پر سرزنش کی جائے گی۔