تشکر نیوز: وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اورنجکاری عبدالعلیم خان نے بنوں میں بروقت کارروائی پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے ۔ محفوظ مستقبل کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ 8 جوانوں نے ارض وطن پر جان نچھاور کر کے شجاعت کی داستان رقم کی۔
صدر، وزیراعظم، وزیرداخلہ اور چیئرمین سینیٹ کی بنوں کینٹ میں دہشتگردی کی مذمت
صدر آئی پی پی کا کہنا تھا کہ پوری قوم ان دلیروں کو داد شجاعت پیش کرتی ہے انکی شہادت سرمایہ حیات ہے ۔ مسلح افواج کا تابناک ماضی شجاعت کی ان گنت سنہری داستانوں سے مزین ہے ۔ اللہ تعالیٰ شہدا کےخاندانوں کوہمت وحوصلہ عطا فرمائے اور زخمیوں کوجلد صحت عطا کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں چھاؤنی پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران خودکش دھماکے میں 8 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشتگردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تاہم اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی جس پر دہشتگردوں نے بارود سے سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔