تشکر نیوز: کراچی کا پانی کراچی کی عوام تک کے تحت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور پاکستان رینجرز نے مشترکہ کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بن قاسم ٹاؤن ضلع ملیر میں زرعی اراضی کیلئے کی جانے والی پانی کی بڑی چوری پکڑ لی، واٹر کارپوریشن حکام نے پاکستان رینجرز کے ہمراہ غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیے اور غیر قانونی ٹینکرز پکڑ لیے،
کامیاب آپریشن سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی سربراہی میں کیا گیا جبکہ آپریشن میں چیف سیکورٹی آفیسر واٹر کارپوریشن ریٹائرڈ کرنل انجم توقیر ملک سمیت دیگر عملے اور پاکستان رینجرز نے حصہ لیا، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کاروائی کے دوران واٹر کارپوریشن کی لائنوں سے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز منقطع کیے گئے ہیں اور پانی کی لائنوں سے غیر قانونی ٹینکرز پانی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں،
انکا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کی مرکزی لائنوں سے بن قاسم ٹاؤن ضلع ملیر میں زرعی اراضی کیلئے یومیہ لاکھوں گلین پانی چوری کیا جارہا تھا جس کو پکڑا گیا ہے، اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ پانی چور کتنا بھی باثر یا طاقتور کیوں نہ ہو اسے کسی صورت نہیں بخشا جائے گا کیونکہ پانی پر صرف شہریوں کا حق ہے اس لیے پانی چوروں کو شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے
جبکہ پاکستان رینجرز کی مدد سے شہر بھر موجود کثیر تعداد میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ کراچی کا پانی کراچی کی عوام تک کے تحت شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف بلا تفریق مزید کارروائیاں کی جائیں گی اور پانی چور مافیا کے خلاف ہونے والے تاریخ ساز آپریشنز کا دوسرا مرحلہ شہر بھر میں تمام غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے تک جاری رہے گا۔