پاکستان کو مئی میں تاریخ کی بُلند ترین ترسیلات زر موصول

تشکر نیوزؒ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مئی میں بلند ترین 3 ارب 24 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر

تشکر نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ مئی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 24 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی، جو گزشتہ برس مئی کے مقابلے میں 54 فیصد زیادہ ہے جب 2 ارب 10 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ پچھلے مہینے کے مقابلے میں یہ رقم 15.3 فیصد زیادہ رہی، جب 2 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔

ترسیلات زر میں یہ اضافہ خاص طور پر اہم ہے کیونکہ مالی سال 2023 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4 ارب ڈالر کم بھیجے تھے۔ رواں مالی سال میں جولائی تا مئی کے دوران کل 27 ارب 9 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔

حکومت، یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی جلد بحالی کیلئے پر امید

اگر جون میں یہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان کی تاریخ میں سالانہ دوسری بلند ترین ترسیلات زر ہوسکتی ہیں۔ مالی سال 2022 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 31 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بلند ترین ترسیلات زر بھیجی تھیں۔

مالیاتی ماہرین نے ترسیلات زر میں اضافے کی ایک وجہ عید الضحٰی کی آمد قرار دی ہے، کیونکہ روایتی طور پر عید کے موقع پر بیرون ملک پاکستانی زیادہ رقم بھیجتے ہیں۔ دیگر عوامل میں مستحکم شرح تبادلہ، متوقع غیر ملکی سرمایہ کاری اور بہتر ایکویٹی مارکیٹ شامل ہیں۔

پراپرٹی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کی وجہ سے ترسیلات زر کا رخ جزوی طور پر اس شعبے سے موڑ گیا ہے۔ مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی سرگرمیاں بڑھیں تو مزید ترسیلات زر آسکتی ہیں۔

پاکستان برآمدات کے مقابلے میں ترسیلات زر پر زیادہ انحصار کرتا ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں (جولائی تا اپریل) کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ صرف 20 کروڑ ڈالر رہا، جس کی وجہ سے ترسیلات زر کی آمد حکومت کو مزید مدد فراہم کرے گی۔ حکومت کو رواں برس کے آخر تک تقریباً ایک ارب ڈالر کے خسارے کی توقع ہے۔

ترسیلات زر سے حکومت کو تجارتی خسارہ کم کرنے اور قرض کی ادائیگی میں بھی مدد ملے گی۔ ملک کو اگلے مالی سال 2025 میں تقریباً 25 ارب ڈالر قرض ادا کرنا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران سب سے زیادہ رقم سعودی عرب سے 6 ارب 61 کروڑ ڈالر موصول ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر 12.7 فیصد بڑھ کر 4 ارب 88 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک سے رقوم 1.6 فیصد کم ہو کر 2 ارب 87 کروڑ ڈالر رہیں۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ کے دوران 8.2 فیصد اضافے کے بعد 4 ارب 3 کروڑ ڈالر بھیجے، جبکہ یورپی یونین کے ممالک سے آنے والی رقوم تقریباً امریکا سے آنے والی ترسیلات زر کے برابر رہیں۔ یورپی یونین سے ترسیلات زر 12.2 فیصد بڑھ کر 3 ارب 20 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی، جبکہ امریکا سے 3 ارب 20 کروڑ 90 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

58 / 100

One thought on “پاکستان کو مئی میں تاریخ کی بُلند ترین ترسیلات زر موصول

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!