عمران خان کی درخواست لاہور ہائیکورٹ کے فُل بینچ کو ارسال

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن اور جیل ٹرائل کے خلاف درخواست سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے فُل بینچ کو بجھوا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن اور جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کی جہاں عدالت نے سابق وزیراعظم کی درخواست سماعت کے لیے فل بینچ کے روبرو پیش کرنے اور نوٹی فکیشن کا تمام ریکارڈ درخواست سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔

بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت جسٹس عالیہ نیلم سے استفسار کیا کہ ’اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو ہے، اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہو چکا ہے‘؟ اس کے جواب میں وکیل نے بتایا کہ ’سائفر گمشدگی، القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کا جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن ہواُ، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا وہ تمام ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگایا ہے؟ اگر ایک کیس میں آرڈر کردیں تو باقیوں پرکیا اثر ہوگا‘؟ ان ریمارکس کے ساتھ ہی عدالت نے عمران خان کی درخواست ُلاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کو بھجوا دی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، سابق وزیراعظم نے سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرینڈنٹ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایاگیا کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر توہین الیکشن کمیشن کی کاروائی شروع کر رکھی ہے، الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے، کمیشن کے پاس توہین کمیشن کی کاروائی کا اختیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے، جیل میں خفیہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل چار کی خلاف ورزی ہے۔

عمران خان کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کی تاریخ جیل میں فرد جرم کی کاروائی کے لیے مقرر کر رکھی ہے، لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت اوپن اور فری اینڈ فئیر ٹرائل کا حکم جاری کرے، لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک خفیہ ٹرائل کے زریعے فرد جرم کی کاروائی روکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!