وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام توجہ معاشی مسائل حل کرنے پر ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر کی تنظیم نو کی جارہی ہے، ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جو دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کریں گے، ٹیکس کابوجھ وہ اٹھائے گا جس میں بوجھ اٹھانےکی طاقت ہو، ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارا ایک ہدف دہشت گردی کا خاتمہ بھی ہے، وزیراعظم بارہا کہہ چکے ہیں کہ پہلے بھی امن قائم کیا تھا، اب بھی کریں گے، ہمیں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پورا اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر حملے میں دہشت گرد لاپتا افراد کی فہرست میں شامل تھا، گوادر پورٹ پر حملہ معیشت پر حملے کے مترادف تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے، تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک کی خبریں ہیں، تحریک انصاف قومی جماعت ہے، رویہ چھوٹے بچوں والا ہے۔