کراچی: (تشکر نیوز ) پانی کے عالمی دن کے مناسبت سے واٹر کارپوریشن کی جانب سے مرکزی دفتر کارساز سے شاہراہِ فیصل کے سروس روڈ تک’واک’ کا اہتمام کیا گیا، واک کی قیادت سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کر رہے تھے
اس موقع پر محمد ایوب شیخ، محمد ثاقب، سید عمران زیدی، سکندر زرداری، انتخاب راجپوت، آفتاب چانڈیو، سردار شاہ، الٰہی بخش بھٹو، سید عامر وقار، انجم توقیر، بلال ظفر، دلاور جعفری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، واک میں سکول کے استاذہ اور طلباء نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرکے قومی پرچم لہرائے ہوئے پاکستان ذندہ باد کے زوردار نعرے لگائے، ترجمان کے مطابق واک کے بعد سی ای او واٹر کارپوریشن نے شہر میں پانی کی فراہمی کے ذریعے امن اور ہم آہنگی کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں پانی کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن پانی کا عالمی دن "امن کے لیے پانی” کے تحت اعلیٰ جذبے کے ساتھ منا رہا ہے،
انہوں نے واک کے موقع پر تمام شرکاء، استاذہ اور طلباء کا شکریہ اور تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا کیونکہ پانی ملے گا تو امن برقرار رہے گا اس لیے جہاں پانی کا ضیاع ہورہا ہے اسے بچانا ہے، انکا کہنا تھا کہ پانی زندگی ہے اس لیے پانی کفایت شعاری سے استعمال کریں کیونکہ یہ ہمارا دینی، معاشرتی، قومی فرض اور وقت کی ضرورت بھی ہے، اس لیے آئیے اپنے لیے، اپنی آنے والی نسلوں اور اس کرہ ارض کے لیے پانی احتیاط سے استعمال کریں، انکا مزید کہنا تھا کہ پانی کے وسائل کو جدید انتظام کے تحت استعمال کیا جائے تاکہ مستقبل میں پانی وافر مقدار میں دستیاب ہو۔