بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر احتجاج میں فوج مخالف نعرے بازی کا علم نہیں، 3 کروڑ ووٹ ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ ووٹ 17 جماعتوں کو ملے انتخابات کا آڈٹ کروایا جائے۔
کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ بیرون ملک آئی ایم ایف کے دفتر کے سامنے جو احتجاج ہوا وہ درست تھا تاہم اس میں فوج مخالف نعرے بازی کا علم نہیں۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کی ملاقات پر انہوں ںے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو شہباز شریف کے ساتھ تصاویر نہیں بنوانی چاہئیں تھیں، مجھے خدشہ ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کا فنڈ جاری نہیں کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ 3 کروڑ ووٹ ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ ووٹ 17 جماعتوں کو ملے، پاکستان میں ہونے والے انتخابات کا فوری طور پر آڈٹ کروایا جائے ہماری اکانومی ڈوب رہی ہے، ملک میں سخت ریفارمز کی ضرورت ہے یہ حکومت چل نہیں سکتی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی میرے گھر پر ڈاکا مارے اور کہے بھول جاؤں تو یہ کیسا انصاف ہے؟ ووٹ کو عزت دینے والوں نے بوٹ کو عزت دینا شروع کر دی ہے اور شریف خاندان کا بوٹ کے بغیر گزارہ نہیں ہے۔
فلسطین پر انہوں ںے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر او آئی سی کو کھڑا ہونا چاہیے تھا لیکن ساؤتھ افریقا نے اسٹینڈ لیا، فلسطین کے مسئلے پر ہم جنگ نہیں کرسکتے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس پر انہوں ںے کہا کہ چوری ہوئی ہی نہیں اور کیس چل رہا ہے، پیسہ سپریم کورٹ سے حکومت کے پاس چلا گیا یہ کیس اس لیے چلایا جارہا ہے کہ مجھے اگر ضمانت ملے تو اس میں پھنسا لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینیٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا آج تک کیس نہیں چل سکا، آج الیکٹرانک ووٹننگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا۔