تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے گوادر میں طوفانی بارشوں کے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں انعقاد ہوا، کانفرنس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے دوران خطے اور بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ کانفرنس میں میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمنٹے کیلئے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے حصول کو سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے دوران نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اورمستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نیول چیف نے بحری مشق سی اسپارک کے کامیاب انعقاد پر مشق کے شرکاء کی کاوشوں کو سراہا جبکہ نیول چیف نے گوادر میں حالیہ طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔