بیرسٹر گوہر کیخلاف بیان، شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

بیان کی وجہ سے تناؤ کی صورتحال بنی، دو روز میں معذرت کریں بصورت دیگر کارروائی ہوگی۔ شوکاز نوٹس کا متن

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر کےخلاف بیان دینے پر وکیل رہنماء شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء شیر افضل مروت کی جانب سے بیرسٹر گوہر کے خلاف بیان بازی کے معاملے پر پارٹی نے شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل کی بیان کی وجہ سے تناؤ کی صورتحال بنی، جس کی بناء پر شیر افضل کو دو روز میں معافی نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی جاتی ہے، جواب نہ دینے یا غیر مطمئن جواب کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ جیو نیوز کو انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی کیوں کہ پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے، انتخابی نتائج کے بعد قیادت کی اپروچ قابل ستائش نہ تھی، بیرسٹر گوہر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا لیکن وہ ناکام رہے۔

 

 

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات 3 مارچ کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا، جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے بیرسٹر علی ظفر کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انٹراپارٹی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے، جن کی سکروٹنی 25فروری کو ہوگی، کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27 فروری تک ہوں گے اور انٹرپارٹی الیکشن کے لیے پولنگ 3مارچ کو ہوگی، پولنگ کا عمل سنٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں بیک وقت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!