پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے صورتی گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان اور برآمدگی
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین عرف صورتی، ابوبکر، ابوہریرہ اور سکندر عرف دوجانہ شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 2 بغیر لائسنس پستول، ایمونیشن، ایک موٹرسائیکل، 6 موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔
متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام
ترجمان کے مطابق ملزمان نیو کراچی اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث تھے۔ ان پر اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور نقدی چھیننے کا بھی الزام ہے۔
رینجرز کے مطابق ملزمان چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پرزے کھول کر فروخت کردیتے تھے۔ گرفتار ملزم ابوہریرہ پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے اور عادی مجرم ہے۔
مزید ملزمان کی تلاش جاری
ترجمان کے مطابق گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان، اسلحہ اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز کی شہریوں سے اپیل
رینجرز نے شہریوں سے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دینے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔