ملیر کینٹ میں شہری محمد شان کے اغوا برائے تاوان کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گرفتار پولیس انسپکٹر رسول بخش کھٹیان نے دورانِ تفتیش مزید پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ہائی پروفائل کیس میں ڈی ایس پی اے وی ایل سی امجد کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی کے ریڈر محسن، اے وی ایل سی لیاقت آباد کے ہیڈ کانسٹیبل تیمور اور کانسٹیبل انعام کے نام بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دانش عرف سمیر اور دیگر نامعلوم ملزمان کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
مغوی کی رہائی کے لیے 20 کروڑ روپے تاوان طلب
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 نومبر کو محمد شان کو سرکاری پولیس موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے مغوی کو بتایا کہ اس نے 3 کروڑ روپے کا گھر فروخت کیا ہے۔ اس کے بعد رہائی کے بدلے 20 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مغوی کی رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے نقد وصول کیے گئے۔ مغوی کے کزن آصف نے نجی یونیورسٹی کے قریب کچرا کنڈی پر رقم ادا کی۔
رقم وصول کرنے کے باوجود ملزمان نے مزید تاوان کا مطالبہ کیا۔ انکار پر انہوں نے مغوی کی گاڑی، آئی فون اور دیگر سامان بھی چھین لیا۔
ڈی ایس پی معطل، ریڈر محسن کے فرار کا دعویٰ
تفتیشی ذرائع کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر ملوث ریڈر محسن کراچی سے فرار ہوگیا۔ اغوا برائے تاوان کیس میں ڈی ایس پی امجد کو معطل کردیا گیا ہے۔
کیس میں سامنے آنے والے دیگر ناموں اور پولیس اہلکاروں کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔ اعلیٰ حکام اس معاملے کی مزید چھان بین کر رہے ہیں۔