چین کے مشہور آن لائن شاپنگ فیسٹیول ’ڈبل الیون‘ میں ایک مکمل فلیٹ محض 11 یوان میں نیلام کردیا گیا۔ پاکستانی کرنسی میں اس رقم کی مالیت تقریباً 458 روپے بنتی ہے۔
یہ فلیٹ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں واقع ہے۔ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل اس یونٹ میں دو بیڈ روم ہیں۔ فلیٹ ایک رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر موجود ہے۔
اسے ڈبل الیون فیسٹیول کے موقع پر ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ذریعے نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
نیلامی میں 1667 افراد شریک ہوئے
نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے ہوا۔ بولی بڑھتے بڑھتے 11 یوان تک پہنچ گئی۔
پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس نیلامی میں مجموعی طور پر 1667 افراد نے حصہ لیا۔ بولی لگانے کا عمل 5 نومبر کو مکمل ہوا۔
کامیاب بولی دہندہ کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے۔ تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
اس شخص نے لائیو اسٹریم کے دوران حیرت کا اظہار کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ ہیگانگ منتقل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ البتہ وہ فلیٹ اپنے پاس رکھے گا تاکہ وہاں چھٹیاں گزار سکے۔
ملکیت کی منتقلی کے لیے 2 ہزار یوان اضافی
فلیٹ کی نیلامی میں قیمت صرف 11 یوان رہی۔ تاہم ملکیت اپنے نام منتقل کرانے کے لیے خریدار کو مزید 2 ہزار یوان ادا کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب شہر میں جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق ایپس کے اندازوں کے مطابق استعمال شدہ فلیٹس کی عمومی مارکیٹ قیمت تقریباً 40 ہزار یوان ہے۔
نیلامی کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک منیجر نے بتایا کہ یہ سودا ڈبل الیون کی تشہیری مہم کے تحت ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ساتھ طے پایا تھا۔
ان کے مطابق فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ کمپنی ادا کرے گی۔