وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے قریب پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔ 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم
شہباز شریف نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔ ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
درابوکچ میں آپریشن کے بعد پولیس پارٹی پر حملہ
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیر قانونی سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا تھا۔
آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس آنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج ہلاک ہوئے۔
اس دوران خیبر پختونخوا پولیس کے ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
متعلقہ بیان کے مطابق بیرونی قوتوں کے ایماء پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ پولیس پارٹی پر مشترکہ حملے سے ظاہر ہوتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں۔