پانچویں توسیعی منصوبے میں کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ واقعے کے بعد منصوبے پر کام فوری طور پر روک دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر وسیم احمد نے بتایا کہ واقعے کے بعد منصوبے کے مقام پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حفاظتی اقدامات بھی شروع کردیے گئے ہیں۔
چٹان گرنے سے پانی داخل ہوا
واپڈا کے مطابق کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں ان ٹیک پٹ سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
واپڈا نے بتایا کہ تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات غلط قرار
واپڈا کے مطابق زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ ادارے کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واپڈا نے واضح کیا کہ تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی زیر گردش اطلاعات درست نہیں ہیں۔
ادارے کے مطابق منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واپڈا نے تصدیق کی کہ تمام ورکرز محفوظ ہیں اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔