ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی پورٹ پر لنگر انداز غیر ملکی بحری جہاز کے عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے پر متعلقہ شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بحری جہاز CS MARAM ابوظہبی کے پرچم تلے صلالہ سے کراچی پہنچا تھا۔ جہاز کیبل بچھانے اور مرمت کے منصوبے کے سلسلے میں تقریباً دو ماہ سے کراچی میں موجود ہے۔
سات غیر ملکی ملازمین کی دستاویزات میں خامیاں
ایف آئی اے نے کراچی پورٹ کے ویسٹ وارف، برتھ نمبر 25 پر جہاز کی امیگریشن جانچ پڑتال کی۔ اس دوران 33 رکنی عملے میں شامل 7 غیر ملکی کیٹرنگ ملازمین کی دستاویزات میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔
ان ملازمین میں 4 نیپالی، ایک بنگلہ دیشی اور 2 ملاوی شہری شامل ہیں۔ یہ افراد جہاز پر کک، اسسٹنٹ کک اور اسٹیورڈز کے طور پر کام کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق ان ملازمین کے پاس نیشنل سی مین بک، فلیگ سی مین بک اور دیگر لازمی بحری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
ان کے پاس ٹریننگ سرٹیفکیٹس، فلیگ اینڈورسمنٹس، سرٹیفکیٹ آف کمپیٹینسی، سرٹیفکیٹ آف پروفیشنسی اور واچ کیپنگ سرٹیفکیٹس بھی دستیاب نہیں تھے۔
مزید جانچ پڑتال میں بعض ملازمین کے پاس برونڈی، پلاؤ اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کی سی مین بکس بھی ملیں۔
عملے کا مؤقف اور شپنگ ایجنسی پر جرمانہ
عملے کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پیشہ ور ملاح نہیں بلکہ جہاز پر کیٹرنگ اور مہمان نوازی کی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کمپنی نے انہیں دستاویزات فراہم کی تھیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جہاز کے کپتان نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت کی۔
اس کے بعد متعلقہ شپنگ ایجنسی شراف شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو 35 لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
شپنگ ایجنٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرمانے کی رقم رواں ہفتے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ ادائیگی شدہ چالان کی نقل بھی امیگریشن آفس میں جمع کرائی جائے گی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ امیگریشن قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور جانچ پڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔