کراچی: اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ سے پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو شہید، اہلیہ زخمی

کراچی: اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو شہید جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے باہر پیش آیا، جہاں انسپکٹر جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ساتھ چائے پی رہے تھے۔ حملے کے بعد دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاوید ابڑو پر ماضی میں بھی متعدد قاتلانہ حملے ہوچکے تھے۔ ان کے بھائی کو بھی پہلے قتل کیا جا چکا ہے۔

دو حملہ آوروں میں سے ایک نے فائرنگ کی، پولیس چیف

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس افسر اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر کے باہر موجود تھے کہ دو افراد وہاں پہنچے۔ ان میں سے ایک نے فائرنگ کی۔ زخمی اہلیہ نے حملہ آور کا حلیہ بھی بتا دیا ہے۔

آزاد خان کے مطابق فی الحال واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید پولیس افسر نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔

شہید افسر کے بھائی کا عزم

شہید انسپکٹر جاوید ابڑو کے بھائی نے کہا کہ وہ اپنی دھرتی پر جان دینے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے دو بھائی شہید کیے جا چکے ہیں، لیکن وہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!