نئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ضروری ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ضروری ہے۔ مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر بھی توجہ برقرار رکھنا ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) تربیلا کا دورہ کیا۔ آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔

ایس ایس جی کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں مشن کی تکمیل کے لیے فورس کی استعدادِ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے جدید خصوصی آلات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور خصوصی آپریشنز کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔

ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ معیار، بلند حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ناگزیر ہے۔ مقامی دفاعی صلاحیتوں کو ترقی دینا اور آپریشنل تیاری برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ ایس ایس جی بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات کے مقابلے میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تیاری جاری رکھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!