سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے یوٹرن کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے غیر معمولی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا۔ اس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پی ڈی یلو لائن کمال دایو اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کی آمد متوقع
اجلاس میں شرجیل میمن نے امید ظاہر کی کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کی مزید کھیپ جلد کراچی پہنچ جائے گی۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ان بسوں کے آپریشن کے لیے روٹس، چارجنگ اسٹیشنز، ڈپو اور بس اسٹاپس کے انتظامات حتمی شکل دی جائے۔
سینئر وزیر نے آپریشنز اور سروسز سمیت تمام متعلقہ امور کی جامع منصوبہ بندی پر بھی زور دیا۔
پبلک ٹرانسپورٹ کا دائرہ بڑھانے کی ہدایت
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بسوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ان کے روٹس اور آپریشنل نظام کو مؤثر بنانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں شہر کے ان علاقوں تک پہنچائی جائیں جہاں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہے۔