پاکستان اور روس کا منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے اہم ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور غیر قانونی ہجرت سمیت مختلف سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

منظم جرائم کی روک تھام کے لیے معاہدے

دونوں ممالک نے منظم جرائم کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملاقات میں مجرمان کی حوالگی اور تبادلے کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ ری ایڈمیشن معاہدے پر جلد عمل درآمد کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔

پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس اور روس کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس کے ایک دوسرے کے ممالک کے دوروں پر بھی بات چیت ہوئی۔

ویزا سہولتوں اور ہنرمند افرادی قوت پر تبادلہ خیال

ملاقات میں پاکستان سے روس ہنرمند افرادی قوت بھیجنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ سیاحوں اور کاروباری برادری کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ویزا نظام میں سہولتوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق اس وقت تقریباً 1,300 پاکستانی طلبہ روس میں زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ مزید طلبہ بھی روس میں تعلیم حاصل کریں۔

پولیس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

ملاقات میں سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ نیشنل پولیس اکیڈمی پاکستان اور روس کی پولیس اکیڈمی کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

روسی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت سمیت منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

ولادیمیر کولاکولتسیف کے مطابق روس نے مؤثر اقدامات کے ذریعے سائبر کرائم میں 33 فیصد کمی کی ہے۔

اعلیٰ حکام کی شرکت

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، پاکستان میں روس کے سفیر، وزارت داخلہ کے اسپیشل اور ایڈیشنل سیکریٹریز، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور آئی جی ایف سی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!