تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
ملزمان 7 سالہ اوبان مظہر کو کے ایم سی فلیٹس کی گلیوں سے اٹھا کر لے گئے تھے
کراچی: فیڈرل بی ایریا کے بلاک 16 میں کارڈیو اسپتال کے عقب میں کے ایم سی فلیٹوں کی گلی سے زخمی حالت میں ملنے والا 7 سالہ بچہ اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، جنہیں ملزمان نے شہ رگ کاٹ کر زخمی حالت میں چھوڑ دیا تھا۔
7 سالہ اوبان مظہر کو دوپہر سوا تین بجے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں کارڈیو اسپتال کے عقب میں قائم کے ایم سی فلیٹوں کی گلی سے نامعلوم ملزمان لے کر آئے اور بچے کی شہ رگ کاٹ کر فرار ہوگئے۔
اس دوران ایک خاتون نے ملزمان کو بھاگتے ہوئے دیکھا تو شور مچایا، جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور بچے کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے بچے نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس نے ضروری قانونی کارروائی اور عباسی شہید اسپتال سے پوسٹ مارٹم مکمل کرانے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
ڈی ایس یوسف پلازہ اصغر مہدی نے میڈیا کو بتایا بچے کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ایس ایس پی سینٹرل نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیمیں بچے کے گھر سے لے کر جائے وقوع تک سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگانے میں آسانی ہو۔
ڈی ایس نے مزید بتایا کہ عینی شاہد خاتون کا بیان بھی لیا جائے گا اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
عباسی شہید اسپتال میں بچے کے چچا فہیم نے میڈیا کو بتایا ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، مقتول تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں اور بچے کے والد مظہر ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں۔
فہیم نے آئی جی سندھ اور دیگر افسران سے اپیل کی ان کے بھتیجے کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔