کراچی: اقوام متحدہ کے وفد نے پاکستان میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں کراچی کے تاریخی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کا خصوصی دورہ کیا۔ وفد میں ہیڈ آف یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس پاکستان افکے بوٹس مین اور سندھ کے صوبائی کوآرڈینیٹر عمران خان لغاری بھی شامل تھے۔
چرچ انتظامیہ کی خصوصی دعوت پر ایم پی اے اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو نے بھی دورے میں شرکت کی۔ چرچ کے فادرز اور انتظامیہ نے اقوام متحدہ کے وفد اور رومہ مشتاق مٹو کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران چرچ کے فادرز نے مہمانوں کو سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کی تاریخی اور مذہبی اہمیت، مسیحی برادری کے لیے اس کی خدمات اور مختلف فلاحی و سماجی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
رومہ مشتاق مٹو نے اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان احترام، برداشت اور مکالمے کو فروغ دے کر معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے انسانی بہبود، پائیدار ترقی، موسمیاتی چیلنجز، قدرتی آفات سے نمٹنے اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت، اقوام متحدہ اور مذہبی و سماجی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون عوامی فلاح اور سماجی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
محمد یحییٰ نے چرچ کے دورے اور پرتپاک استقبال پر فادرز، انتظامیہ اور رومہ مشتاق مٹو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، سماجی شمولیت اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے دوران اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی ترقی، سماجی شمولیت اور کمیونٹی کی سطح پر تعاون سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورہ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر پاکستان میں امن، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان باہمی احترام و تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


