کراچی: میئر سکھر اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ دیا۔ انہوں نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کی نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی۔
تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان میں محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نئی ذمہ داری میں کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ محمد یحییٰ نے پاکستان میں انسانی بہبود، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے، انسانی امداد کی فراہمی اور کمزور طبقات کی معاونت میں محمد یحییٰ کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ محمد یحییٰ کی قیادت میں اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملا۔ ان کی خدمات نے انسانی بہبود اور ترقی کے مختلف شعبوں میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے اشتراک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں محمد یحییٰ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر محمد یحییٰ کو دلی مبارکباد پیش کی۔
صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ محمد یحییٰ عالمی سطح پر بھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اپنی نئی ذمہ داری میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گے۔