کراچی میں میلاد مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ منانا محبت، امن اور سلامتی کو فروغ دیتا ہے اور نفرتوں کے خاتمے کا ذریعہ بنتا ہے۔
مرکز اہلسنت میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد غوری نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی اسوۂ حسنہ پر عمل کرکے ہی انسانیت سے محبت اور امن کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلسوں، جلوسوں اور میلاد ریلیوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زبانی یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، جبکہ میلاد ریلیوں اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے ٹاور سے نورانی چورنگی، نمائش تک کیمرے نصب کیے جائیں۔
شاہد غوری نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، اس لیے ان کے خلاف قانون کو فوری طور پر حرکت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عاشقانِ رسول ﷺ قیامت تک جشنِ ولادت شایانِ شان طریقے سے مناتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں اور ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد مصطفیٰ ﷺ گھر گھر، گلی گلی اور شہر شہر منایا جائے گا۔ انہوں نے عاشقانِ رسول ﷺ سے اپیل کی کہ وہ گھروں اور محلوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائیں اور درود و سلام کی صداؤں سے ماحول کو معطر کریں۔
پاکستان سنی تحریک کے رہنما نے کہا کہ اسلام کا چہرہ مسخ کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے والوں کے خلاف علماء اہلسنت نے فتوے دیے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں میلاد کے جلوسوں، ریلیوں اور جلسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں۔
شاہد غوری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے ظلم اور جہالت کے اندھیرے چھٹے اور انسانیت کو عزت و احترام ملا۔ انہوں نے کہا کہ زمانۂ جاہلیت میں لڑکیوں کو زندہ دفن کیا جاتا تھا، جبکہ اسلام نے عورت کو ایسا مقام اور احترام عطا کیا جس کی مثال دنیا کے دیگر مذاہب میں نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ مسلمانوں کے ایمان کا اہم جز ہے اور حکومت کو میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے چاہئیں۔