یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کراچی ہیڈکوارٹرز سمیت ملک بھر کے ائیرپورٹس پر خصوصی تقریبات اور آگاہی مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے ذریعے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
پی اے اے کے مطابق ہیڈکوارٹرز کراچی میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پرچم آویزاں کیے گئے۔ مختلف ائیرپورٹس پر کشمیری عوام کی جدوجہد پر مبنی دستاویزی فلمیں اور خصوصی آگاہی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
اتھارٹی نے بتایا کہ ائیرپورٹس پر بینرز، ڈیجیٹل پیغامات اور اعلانات کے ذریعے یومِ استحصالِ کشمیر کی اہمیت اجاگر کی جا رہی ہے۔ مسافروں کو اس دن کی تاریخی اور قومی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
پی اے اے نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ اتھارٹی نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔